پی آئی اے کی نجکاری کیلئے 12 سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کردی

وزارت تجارت نے پی آئی اے کی نجکاری کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 مئی 2024 13:05

پی آئی اے کی نجکاری کیلئے 12 سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء ) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے 12 سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاہم وزارتِ نجکاری نے پی آئی اے کی نجکاری کو سب سے پیچیدہ قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت تجارت نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دی ہیں، تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 09 اگست 2023ء کو قومی ایئرلائن کی نجکاری کی منظوری دی، اگست 2023ء میں ہی پارلیمان نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کارپوریشن لمیٹڈ ایکٹ 2016ء میں ترمیم کی منظوری دی، اس ترمیم کے ذریعے پی آئی اے کو نجکاری پروگرام میں شامل کیا گیا۔

وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ نجکاری کمیشن نے نومبر 2023ء میں نجکاری کے لئے فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا، پی آئی اے کی نجکاری کے لئے ای وائے کنسلٹنگ دبئی کو فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا گیا، نجکاری کمیشن بورڈ نے 8 اور 9 جنوری 2024ء کو پی آئی اے کی سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دی، وفاقی کابینہ نے 6 فروری 2024 کو سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دی، پی آئی اے بورڈ اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے سکیم کی منظوری مارچ 2024ء میں دی۔

(جاری ہے)

دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ 20 مارچ 2024ء کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کا قیام عمل میں آیا، سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں سکیم آف ارینجمنٹ 28 مارچ 2024ء فائل کیا گیا، ایس ای سی پی نے سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری 3 مئی 2024ء کو دی، سرمایہ کار پی آئی اے کی خریداری کے لئے سٹیٹمنٹ آف کوالیفکیشن 17 مئی تک جمع کرا سکتے ہیں، مجموعی طور پر اب تک پی آئی اے کی نجکاری کے لئے تاحال نجکاری کمیشن کے سامنے 12 سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔