گیٹ عبور کرنے پر ٹیکس ، دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں،وزیرداخلہ کے پاسپورٹ آفس کے دورے پر شہری پھٹ پڑے

پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں،محسن نقوی نے ڈائریکٹر اوراسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری تبدیل ،محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا

پیر 29 اپریل 2024 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون کا دورہ کیا جہاں شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔ شہریوں نے وزیر داخلہ کو پاسپورٹ بنوانے کے لئے ایجنٹ مافیا کو رقم دینے کے ثبوت بھی دکھائے ،شہریوں نے بتایا کہ پاسپورٹ آفس کا گیٹ عبور کرنے پر بھی ’’ٹیکس ‘‘لگا ہوا ہے ،ٹوکن مشین بھی خراب ہے ۔

موقع پر موجود ڈائریکٹر و اسٹنٹ ڈائریکٹر کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کے حالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیر داخلہ نے ڈائریکٹر ،اسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری تبدیل کرنے محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے ،بزرگ شہریوں نے بھی شکایات کے انبار لگا دئیے ۔

شہریوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس کی دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں،پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں،گارڈ سے لے کر ہر کوئی پیسے مانگتا ہے ۔محسن نقوی نے ڈائریکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا ہو رہا ہے، ہر کوئی ایجنٹ اور عملے کی جانب سے پیسے لینے کی شکایت کر رہا ہے۔ محسن نقوی نے شہریوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے لئے آیا ہوں،شکایات کا ازالہ کروں گا،خود وزٹ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ہے،شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ شہریوں نے کہا کہ آپ نے وزارت اعلی کے دور میں مثالی کام کیا، اب بھی آپ ہی اس دفتر کو ٹھیک کریں گے۔

متعلقہ عنوان :