ڈیرہ غازی خان میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنےکا فیصلہ

منگل 30 اپریل 2024 17:25

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے اور ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے میپکو کے اعلیٰ افسران نے رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف پتافی سے ملاقات کی اور مشاروت کرکے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرنے جبکہ اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ صرف دو سے تین گھنٹے تک مرحلہ وار کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محمد حنیف پتافی نے ایس ای میپکو ملک خورشید احمد، ایکسین میپکو آپریشن عزیز الرحمن اور ایکسیئن آر آر ای کامران بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں میں عوام کو ریلیف دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہے وہاں ٹرانسفارمر فوری تبدیل کردئیے جائیں۔نئے کھمبے فوری نصب کئے جائیں، اوور بلنگ سے نجات دلائی جائے، شہریوں کو نئے کنکشن جاری کرکے میٹر لگائے جائیں۔ شہر کی ہاؤسنگ کالونیوں میں بجلی کی فراہمی اور آلات کی تنصیب کی سکیمیں جلد منظور کی جائیں تاکہ وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل حل کرکے انہیں بجلی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔میپکو افسران نے ہدایات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔