حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث تحصیل ماشکیل کا زمینی رابطہ واشک سے ، صابر ریکی

بارشوں اور سیلاب سے زمینی رابطہ منقطع ہونے سے اشیاء خوردونوش کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، پریس کانفرنس

منگل 30 اپریل 2024 20:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) ماشکیل سے تعلق رکھنے ٹرانسپورٹرز و قبائلی رہنمائوں سردار زادہ صابر ریکی ، محمد اعظم ریکی نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث علاقے کا زمینی رابطہ واشک سے منقطع ہوچکا ہے جس کی وجہ سے خوراک کی شدید قلت ہے ۔ نوکنڈی ٹو ماشکیل 3 سال سے زیر تعمیرروڈ کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر میر عارف ریکی، حاجی اشرف ریکی، میر منصور ریکی، ڈسٹرکٹ ممبر محمد ہاشم ریکی، ظہور احمد دہانی، عبداللہ دہانی و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے زمینی رابطہ منقطع ہونے سے اشیاء خوردونوش کی قلت کا سامنا ہے لوگوں کے گھروں میں فاقے پڑرہے ہیں حکومتی عدم توجہی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔

(جاری ہے)

آمدو رفت میں دشواری کے باعث لوگوں کو ایک علاقے سے دوسرے علاقے تک سفر کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سب تحصیل ماشکیل جوکہ ایران بارڈر سے منسلک ہے زیرو پوائنٹ ماشکیل بند ہے جسکی وجہ سے کاروباری اور ٹرانسپورٹرز نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں بارڈر ٹریڈ سے وابستہ لوگ سالانہ حکومت کو کروڑوں روپے ٹیکس دیتے ہیںلیکن گزشتہ پانچ سال سے زیرو پوائنٹ بند کردیا گیا ہے دوبارہ کھول کر لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے۔

نوکنڈی ٹو ماشکیل 2 ارب 70 کروڑ کا فنڈ این ایچ اے بلوچستان کے جی ایم کنسٹرکشن اور ممبر این ایچ اے بلوچستان غیر معیاری کام کررہے ہیں ۔ بارشوں کے باعث ماشکیل سے واشک کا مواصلاتی نظام کٹ کر رہ گیا جس کی وجہ سے خوراک کی قلت کا سامنا ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں بارشوں سے بند راستوں کو بحال کرکے بارڈرکھولا جائے تاکہ روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔