مزدوروں کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئےٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، ڈاکٹر جوزف ارشد

منگل 30 اپریل 2024 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) مسیحی روحانی پیشوا و آرچ بشپ راولپنڈی /اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاہے کہ مسیحی برادری مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر شکاگو کے شہداءکی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ،ملکی ترقی میں محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، مزدوروں کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے ۔

یوم مئی کے حوالے سے اپنے بیان میں آر چ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ شکاگو کے مزدوروں کی قربانی پاکستان بھر کے مزدوروں و محنت کشوں کیلئے قابل تقلید مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔حکومت مزدور و محنت کش طبقے کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے ،مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے طویل المدتی پالیسیاں بنائی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے،یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔

یہ دن ہمیں ان مواقع کو تسلیم کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے جو محنت کشوں نے اپنے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کئے ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں یہ دن مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ دریں اثناء امن کمیٹی کے اقلیتی رکن بابو ساجد امین کھوکھر ، مسیحی سماجی رہنما سرفراز فرانسس ، حارث غوری ودیگر نے بھی مزدور کی اہمیت پر زور دیا اور کہاکہ مزدور کی کم سے کم اجرت میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے تاکہ وطن عزیز کی ترقی کے لیے اپنا پسینہ بہانے والا مزدور بھی اپنا گزر بسر باآسانی کر سکے ۔