نیب نے ایل این جی ریفرنس واپس لے لیا،شاہدخاقان عباسی اورمفتاح اسماعیل سمیت دیگر تمام ملزمان کو کلین چٹ مل گئی

منگل 30 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) قومی احتساب بیورو نے پانچ سال بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او )کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور اوگرا کے سابق چیئرمین سعید احمد خان سمیت دیگر ملزمان پر قومی خزانے کو 21 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں احتساب عدالت میں دائر ایل این جی ریفرنس واپس لے لیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت شاہد خاقان عباسی اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیب پراسیکیوٹر اظہر مقبول کی جانب سے ریفرنس واپس لئے جانے کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی اور موقف اپنایا کہ نیب شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس واپس لے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کر لی ۔ واضح رہے کہ نیب نے اسی کیس میں 18جولائی2019 کو لاہور جاتے ہوئے موٹروے پر شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا اور 25 فروری 2020 کو ان کی ضمانت منظورہوئی تھی۔ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او ) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور اوگرا کے سابق چیئرمین سعید احمد خان سمیت دیگر ملزمان پر قومی خزانے کو 21 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔

6 اگست 2020 کو نیب کی جانب سے ریفرنس سماعت کے لئے احتساب عدالت میں جمع کرایا گیا ، ایل این جی سے متعلق اس ضمنی ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق چیئرمین ایس ایس جی سی بورڈ مفتاح اسماعیل ، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق ، سابق چیئرمین پی کیو اے آغا جان اختر ، سابق چیئرمین اوگرا سعید احمد خان ، سابق ممبر آئل اوگرا عامر نسیم ، چیئر پرسن اوگرا عظمی عادل خان ، سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد ایم اسلام ، ڈائریکٹر اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ عبدالصمد دائود ، ایم ایس کیوای ڈی کنسلٹنٹ برطانیہ کو ایم ڈی فلپ نوٹمان کے ذریعے ، ماورک ایڈوائزری کے سی ای او شنا صادق ، ایم ڈی ایس ایس جی سی ایل محمد امین ، سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے عبداللہ خاقان عباسی ، شاہد خاقان عباسی کی ائیر لائن کے ایم ڈی چوہدری اسلم کو ملزم نامزد کیا گیا تھا ۔