پاک بھارت ٹیمیں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک نہیں پہنچیں گی، مائیکل وان کی پیشن گوئی

سابق کرکٹر و کمنٹیٹر نے میزبان ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کو سیمی فائنل کھیلنے کا مضبوط دعویدار قرار دیدیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 مئی 2024 13:21

پاک بھارت ٹیمیں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک نہیں پہنچیں گی، مائیکل ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مئی 2024ء ) انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بدھ کے روز امریکا اور ویسٹ انڈیز میں اس سال کے T20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلسٹ کے بارے میں اپنی پیشن گوئی شیئر کی۔ وان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں پیشن گوئی کی کہ انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز جون میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی پیشنگوئی کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں رواں ٹی20 ورلڈکپ ایڈیشن میں سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوجائیں گی۔ یہ ایونٹ یکم سے 29 جون کے درمیان امریکہ کے کل تین اور ویسٹ انڈیز کے چھ مقامات پر ہوگا۔ ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے گرینڈ پریری سٹیڈیم میں اس ٹورنامنٹ کا آغاز امریکہ کے پڑوسی ملک کینیڈا سے ہوگا۔

(جاری ہے)

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بلاک بسٹر ٹاکرا 9 جون کو لانگ آئی لینڈ کے نئے تعمیر شدہ ناساو کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 20 کوالیفائنگ ٹیموں کو پانچ کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔ اس مرحلے میں کوالیفائنگ ٹیموں کو ایک بار پھر چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جس میں سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور پھر فاتح ٹیمیں 29 جون کو فائنل کھیلیں گی۔