ملتان، تعلیمی اداروں کو منشیات سپلائی کرنے والے دو منشیات فروش گرفتار

بدھ 1 مئی 2024 18:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) ملتان پولیس نے ایک کارروائی کےدوران تعلیمی اداروں کو منشیات سپلائی کرنے والے دو منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ساڑھے 3 کلو گرام آئس برآمد کر لی۔ سی پی او ملتان صادق علی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ مظفرآباد پولیس بشیر احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ہوئے ملتان شہر سمیت تعلیمی اداروں کو منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان جن میں ملزم شہباز احمد ولد ارشاد جاوید قوم راجپوت سکنہ مریدکے ضلع شیخو پورہ اور ملزم حسنین علی ولد شہباز احمد قوم راجپوت سکنہ مریدکے ضلع شیخو پورہ شامل ہیں کو گرفتار کیا۔

مزکورہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے ساڑھے تین کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو شیر شاہ انٹرچینج سے گرفتار کیا گیا،گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ وہ کوئٹہ سے منشیات لے کر آ رہے تھے اور ملتان شہر کے کالجز،یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں سمیت شہر بھر میں منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

سی پی او نے بتایا کہ گرفتار ملزمان منشیات کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور ملک کے دوسرے شہروں میں بھی منشیات سپلائی کرتے ہیں،ملزمان کے قبضہ سے منشیات کی سپلائی کیلئے استعمال ہونے والی کار بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہے،ملزمان کے خلاف تھانہ مظفرآباد میں مقدمہ درج کر کے ان سے مزید تفتیش کی جار ہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان پولیس نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کے لیے پرعزم ہے،ملتان پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے، منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران اب تک 300 کلو گرام سے زائدچرس، 15 کلو گرام ہیروئن اور 17 کلو گرام آئس سمیت ہزاروں لیٹر دیسی و ولائتی شراب برآمد کی گئی ہے،شہر اولیاء سے منشیات کے خاتمے تک منشیات پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔