شرجیل انعام میمن کے احکامات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز میں ریپڈ ریسپانس یونٹ قائم کر دیا گیا

ٹیکس محصولات کا ہدف حاصل کرنے کے لئے ایکسائز افسران کے تقرریوں اور تبادلوں اور ہر قسم کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی

بدھ 22 مئی 2024 16:55

شرجیل انعام میمن کے احکامات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز میں ریپڈ ریسپانس ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کے احکامات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز میں ریپڈ ریسپانس یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ریپڈ ریسپانس یونٹ ہفتے کے سات دن 24 گھنٹے کام کرے گا اور ڈائرکٹر جنرل ایکسائز کے دفتر میں محکمہ ایکسائز کے ریپڈ ریسپانس یونٹ کا دفتر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق محکمہ ایکسائز کا ریپڈ ریسپانس یونٹ منشیات کے خلاف کارروائیوں کو یقینی بنائے گا، ڈی جی ایکسائز ریپڈ ریسپانس یونٹ کی سربراہی کریں گے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر ٹیکس محصولات کا ہدف حاصل کرنے کے لئے ایکسائز افسران کے تقرریوں اور تبادلوں اور ہر قسم کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور افسران کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ایکسائز افسران کے اوقات کار میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ، جس کے تحت ایکسائز افسران اب ہفتے کے سات دن کام کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت منشیات کے خلاف اپنی کوششوں کو مضبوط بنانے اور اپنے ٹیکس وصولی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، ریپڈ رسپانس یونٹ کا قیام اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ چوبیس گھنٹے کام کرنے سے، ریپڈ ریسپانس یونٹ منشیات کے خلاف تیز اور موثر کارروائی کو یقینی بنائے گا۔