سعدیہ سہیل رانا نے استحکام پاکستان پارٹی کو خیرآباد کہہ دیا

ذاتی وجوہات کی بنا پرآئی پی پی کی پارٹی رکنیت سے مستعفی ہورہی ہیں،سعدیہ سہیل رانا نے اپنا استعفیٰ پارٹی صدر علیم خان کو بھجوا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 16:24

سعدیہ سہیل رانا نے استحکام پاکستان پارٹی کو خیرآباد کہہ دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) استحکام پاکستان پارٹی کی سعدیہ سہیل رانا نے پارٹی کو خیرآباد کہتے ہوئے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا،سعدیہ سہیل رانا نے اپنااستعفیٰ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کو بھجوا دیا،سعدیہ سہیل رانا نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پرآئی پی پی کی پارٹی رکنیت سے مستعفی ہورہی ہیں۔

سعدیہ سہیل نے گزشتہ سال کے آخر میں جہانگیرترین سے ملاقات کرکے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنماءسعد یہ سہیل رانا نے24اکتوبر2023ءکو پارٹی کے سابق پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے لاہور میں ملاقات کرکے باقاعدہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔سعدیہ سہیل رانا کے ہمراہ پی ٹی آئی کی سابق سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس اور سمیرا بخاری نے بھی تحریک انصاف چھوڑ کر آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

تینوں خواتین رہنماوٴں نے پی ٹی آئی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا تھا جبکہ اس موقع پر عون چوہدری و دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں سیاسی بہنوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتی ہوں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی خواتین اراکین کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت سے استحکام پارٹی کے کنبے میں اضافہ ہوگا، استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کے لیے خواتین ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گی۔سعدیہ سہیل رانا نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پھر اپنے دوستوں کے ساتھ اکٹھے ہو گئے ہیں، اب ہم کو آگے دیکھنا ہے، کاز کو آگے ہونا چاہیے کسی ایک فرد کو نہیں۔ ان کامزید کہنا تھا کہ ملک میں عام آدمی کے حالات بہت خراب ہیں اور عام آدمی کیلئے مہنگائی میں جینا مشکل ہو گیا ہے۔استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کافیصلہ میرااپنا تھا مجھے کسی جانب سے دباﺅ کا سامنا نہیں تھا۔