لیبر قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائی:عبدالحاکم قائد

عام مزدور کی تنخواہ ایک تولہ سونا کے برابر مقرر کی جائے،پاسبان

بدھ 1 مئی 2024 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ عام مزدور کی تنخواہ ایک تولہ سونا کے برابر مقرر کی جائے۔ لیبر قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اشرافیہ اور بیوروکریسی کی مفت بجلی گیس پٹرول کی سہولیات ختم کرکے یہ بنیادی ضرورت کی چیزیں سستی کی جائیں۔ یوم مئی پر بڑے بڑے دعوے، بیانات فوٹو سیشن اور میڈیا سیشن بند کر کے اسمبلی کے فورم پر قانون سازی کی جائے۔

صنعتی اداروں اور تعلیمی اداروں میں یونین سازی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ ملک وقوم کی الیکٹ ایبلز سے جان چھوٹے اور ملک حقیقی معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ ہم اس مذہب کے پیروکار ہیں جو مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کا معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیتا ہے پھر ہمارے ملک میں مزدور طبقہ کی حالت سب سے پتلی کیوں ہی آجر اور اجیر کے درمیان بہتر سوچ اور تعلق صرف کاروبار کی ہی نہیں ملکی معیشت کی ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے یوپی موڑ نارتھ کراچی میں عالمی مزدور ڈے کے موقع پر پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں خالد درانی، زاہد جمیل،رضوان الحق، سید احسن، نوید، محمد حامد انصاری و دیگر بھی موجود تھے۔#