راولپنڈی ،نیوکٹاریاں کے رہائشیوں کی گیس بندش پر محکمہ کیخلاف احتجاج کی دھمکی

بدھ 1 مئی 2024 22:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) نیوکٹاریاں کے رہائشیوں نے گیس بندش پر محکمہ کے خلاف احتجاج کی دھمکی دے دی ۔انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے وائس چیئرمین حماد قریشی نے کہاہے کہ نیو کٹاریاں میں گیس کی بندش ختم کی جائے ،آئی جے پی روڈ ملحقہ نیو کٹاریاں میں گزشتہ چھ ماہ سے سوئی گیس کی بندش ہے اور بل ہزاروں روپے بھیج دیئے گئے ہیں، رمضان المبارک کے مہینے میں اور عید کے پانچ دن بعد سے دوبارہ گیس بند کر دی ہے ، ایم ڈی ،جی ایم کی کھلی کچہری کے احکامات بھی ردی کی ٹوکری میں ڈال دیئے گئے ہیں، بلوں میں کمی اور سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے نہیں تو اہالیان نیو کٹاریاں آئی جے پی روڈ پر احتجاج کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ حماد قریشی نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ پچھلے مہینے احتجاج کے بعد تین چار دن گیس دن رات آئی اور اب گیس کی بو کو بھی ترس رہے ہیں اور گیس کی ڈومیسٹک اور کمرشل قیمتوں میں دو سو فیصد اضافے کر کے گھریلوں صارفین سمیت ہوٹلوں بیکری ریسٹورنٹ کے کاروبار کا بھی بیڑا غرق کر دیا ہے ،عوام کو گیس میسر نہیں ہے بازار نان روٹی سالن لینے جائیں تو وہ بھی قوت خرید سے باہر ہے مہنگائی بے روزگاری سے تنگ عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں خدارا ریاستی ادارے مہنگائی پر قابو پانے کی پالیسیاں بنائے عوام کو بنیادی سہولیات گیس پانی بجلی سستی فراہم کی جائے۔