وطن عزیز کے ہر محنت کش ،ہنر مند کے بلند حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں،عبدالعلیم خان

ملکی معیشت میں مزدو رکا پسینہ شامل ہے، مز دوروں کی خوشحالی، معیشت بحالی کے سنہرے اصول کو اپنانا ہوگا ، وفاقی وزیر نجکاری

بدھ 1 مئی 2024 21:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے ہر محنت کش،مزدور اور ہنر مند کے بلند حوصلے کو سلام پیش کرتاہوں جو مشکل ترین حالات میں بھی اپنے فرائض کی بجا آوری میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

یوم مئی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزدور کا خون پسینہ ہی ملکی نظام معیشت کو بحال اور فعال رکھتا ہے، آج کے دن ہمیں مز دوروں کی خوشحالی، معیشت کی بحالی کے سنہرے اصول کو اپنانا ہوگا اور محنت کشوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی راہ نکالنی ہوگی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ یوم مئی پر شکاگو کے شہدا کی عظمت کو دنیا ہمیشہ عقیدت بھرا سلام پیش کرتی ہے کیونکہ یہ دن دنیا بھر کے محنت کشوں کے حقوق کے عملی اعتراف کی یاد دلاتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز میں بسنے والے ہر مزدور کے لئے وہ نیک خواہشات رکھتے ہیں اور ان کی سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔