Live Updates

پنجاب میں کپاس، گندم اور چاول کی بہترین پیداوارکے حصول کیلئے جدید ترین ریسرچ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، صوبائی وزیر زراعت

جمعہ 3 مئی 2024 22:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) وزیرزراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سبز انقلاب لانے کےلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں، صوبہ میں کپاس کی بحالی اولین ترجیح ہے، موجودہ حکومت نے خطہ جنوبی پنجاب کو کاٹن ویلی میں دوبارہ تبدیل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے،ملکی معیشت کو سہارا صرف کپا س کی فصل ہی دے سکتی ہے،صوبہ پنجاب میں کپاس، گندم اور چاول کی بہترین پیداوارکےحصول کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے جدید ترین ریسرچ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے،معیاری کھادوں اور زرعی ادویات کی مقرر کردہ قیمتوں پر فراہمی کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے،فصلوں کی کاشت اور بہترین پیداوار کے حصول کےلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ممبران صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم، چوہدری ضیاالرحمان، چوہدری اسامہ فضل، اسامہ لغاری اور زاہد اکرم کے ہمراہ جمعہ کو یہاں کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔سیکرٹری زراعت پنجا ب افتخار علی سہواورسیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وزیر زراعت پنجاب نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے تحت لگائے گئے تجرباتی ٹرائلز کا معائنہ کیا اور زراعت کے سائنس دانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی اقسام کی دریافت بارے ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے ریسرچ ٹرائلز میں لگائی گئی بھنڈی توری جیسے پتوں والی اقسام کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر وزیرزراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی ایسی اقسام دریافت کی جائیں جو سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے خلاف قوتِ مدافعت رکھتی ہوں،ریسرچ مٹیریل کے طور پر لگائی گئی اقسام کو مختلف علاقوں میں کاشت کر کے ان کی صلاحیت کو آزمایا جائے،تمام تحقیقی سرگرمیاں عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر مکمل کی جائیں، ایسی اقسام دریافت کی جائیں جو کاشتکا روں کے لیے منافع بخش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دریافت شدہ اقسام مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق ہوں،مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ریسرچ کو ڈیزائن کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کپاس، گندم اورچاول کے معیار اور پیداوارمیں بہتری کیلئے صوبہ پنجاب میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے جدید ترین ریسرچ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔قبل ازیں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اورسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں پودا بھی لگایا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات