ریسکیو 1122 نے فائر فائٹرز کا عالمی دن جوش و جذبہ سے منایا

ہفتہ 4 مئی 2024 21:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) بانی و سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ کی زیر نگرانی ریسکیو 1122 نے فائر فائٹرز کا عالمی دن جوش و جذبہ سے منایا۔ فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر یادگار شہداء پر سلامی اور دعا کا انعقاد کیا گیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

اس موقع پر تمام ریسکیورز اور ریسکیو رضاکاروں نے شہداء فائر فائٹرز کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انجینئر صبغت اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد ان شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے دوسروں کی جان و مال بچاتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ان فائر فائٹرز کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کو آگ سے محفوظ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فائر فائٹرز درحقیقت قوم کے حقیقی ہیروز ہوتے ہیں کیونکہ فائر فائٹرز نہ صرف انتہائی مشکل کی گھڑی میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے بلند منزلہ عمارتوں کے مالکان سے ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائے گئے فائر سیفٹی کے قوانین پر عمل در آمد پر بھی زور دیا تاکہ بلند بالا عمارتوں کو فائر لگنے کے واقعات سے محفوظ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :