لاڑکانہ میں سندھ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا افتتاح

ہفتہ 4 مئی 2024 22:33

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی عادل خان انڑ نے سٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر منور علی مٹھانی، ریجنل ڈائریکٹر مرید حسین ککرانی اور ٹاؤن چیئرمین ڈوکری کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ووکیشنل سکول ڈوکری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عادل خان نے طلباء و طالبات سے معلومات لیں اور انہیں تعلیمی اور فنی سرگرمیوں میں دلچسپی لینے پر ان کی حوصلہ افزائی کی ۔

طلباء نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر ایم پی اے عادل خان انڑ نے طلباء کو ان کے تحفظات ختم کرکے تمام تر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گورنمنٹ گرلز ووکیشنل سکول ڈوکری میں نیا سولر سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ طلباء اور طالبات کو فنی تعلیم حاصل کرنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر منور علی مٹھانی اور ڈائریکٹر مرید حسین ککرانی نے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عادل خان انڑ کی کاوشوں کو سراہا اور سولر سسٹم لگانے کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے متاثرین کا ساتھ دیا ہے، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے بھی یہی امید ہے کہ وہ اس گورنمنٹ گرلز ووکیشنل سکول کی طلباء اور طالبات کے مسائل فوری حل کریں گے تاکہ یہ طلباء اور طالبات فنی تعلیم حاصل کرکے نہ صرف اپنے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں بلکہ اپنے خاندان کے افراد کی کفالت کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔