آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام معروف شاعر ہ پروفیسر رضیہ سبحان کا چھٹا شعری مجموعہ حاصل لا حاصل کی تقریب رونمائی

عورتیں اپنے احساسات آسانی سے کسی کو نہیں بتاتیں، رضیہ سبحان کے کلام میں جدت پسندی نظر آتی ہے، رضیہ سبحان نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کو باہمت طریقے سے اپنے اشعار میں لکھا ہے،پروفیسر سحر انصاری/محمود شام

بدھ 8 مئی 2024 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام معروف شاعرہ پروفیسر رضیہ سبحان کا چھٹا شعری مجموعہ حاصل لا حاصل کی تقریب رونمائی حسینہ معین ہال میں کی گئی جس کی صدارت پروفیسر سحر انصاری نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی محمود شام جبکہ مہمان اعزازی احتشام حسن تھے، انیس زیدی ، وضاحت نسیم، رفعت بتول، نزہت عباسی ،زین سلطان اور سیما لیاقت نے بھی اظہار خیال کیا، تقریب میں نظامت کے فرائض شکیل خان نے انجام دیے۔

صدارتی خطاب میں پروفیسر سحر انصاری نے کہاکہ رضیہ سبحان کے کلام میں جدت پسندی نظر آتی ہے، انھوں نے اپنی شاعری کے ذریعے عورتوں کو محبت میں پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا کیونکہ عموما عورتیں اپنے احساسات آسانی سے کسی کو نہیں بتاتیں وہ ڈرتی ہیں کہ معاشرہ ان کو ایسی باتوں کی وجہ سے غلط نگاہ سے نہ دیکھے، ان کی شاعری میں ترنم پایا جاتا ہیں۔

(جاری ہے)

محمود شام نے کہا کہ رضیہ سبحان نے اپنی زندگی کے تمام نشیب و فراز کو باہمت طریقے سے اپنے اشعار میں لکھا ہے، ان کا دنیا کو دیکھنے کا نظریہ ذرا مختلف ہے وہ ہر چیز میں خو ب صورتی تلاش کرتی ہیں، نزہت عباسی نے کہاکہ محبت ایک سنجیدہ مسئلہ ہے،رضیہ سبحان کی کتابیں خیالات، کیفیات، تجربہ و مشاہدات کا عکس ہیں، یہ کتاب ان کے گزرے ہوئے ماہ و سال کا آئینہ ہے، انیس زیدی نے کہاکہ اس سوسائٹی میں عورتوں کو اتنی آزادی نہیں ملتی کہ وہ اظہار خیال کر سکیں، ایسے دور میں رضیہ سبحان کا شعری مجموعہ ایک بہترین تحفہ ہے، احتشام حسن نے کہاکہ رضیہ سبحان دورِ حاضر کی بہترین شاعرہ ہیں، ان کی شاعری میں تاکید، پیغام اور نصیحت ضرور ہوتی ہے، ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہاکہ رضیہ سبحا ن کی شخصیت میں جو توازن ہے وہ ان کی شاعری میں بھی نظر آتا ہے، انھوں نے اپنی شاعری میں اپنی زندگی کے تمام حالات کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ قلم بند کیا ہے۔

سیما لیاقت نے کہاکہ رضیہ سبحان اپنے انداز ِبیاں سے سب کو متاثر کرتی ہیں، میرا ان سے محبت کا رشتہ ہے، رضیہ منافق نہیں ہیں جس کی وجہ سے اکثر وہ نقصان اٹھاتی ہیں۔ رفعت حسین نے کہاکہ اشعار کہنا آسان نہیں ہوتا یہ بہت بڑا کام کیا ہے ، میں اس کتاب پر انہیں مبارکباد پیش کرتاہوں، وضاحت نسیم نے کہاکہ رضیہ سبحان کو بہت خوبصورتی کے ساتھ الفاظوں کو بیان کرنا آتا ہے، وہ بادلوں میں سفر کر کے اپنی دنیا کو مسخر کرتی چلی جاتی ہیں۔