واسا ہیڈ آفس میں افسران و فیلڈ سٹاف کی آگاہی کیلئے انسداد ڈینگی ریفرشر ٹریننگ کا انعقاد

جمعرات 9 مئی 2024 18:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) واسا ہیڈ آفس میں افسران و فیلڈ سٹاف کی آگاہی کیلئے انسداد ڈینگی ریفرشر ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید نے کی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عمر افتخار،ڈائریکٹر آپریشنز فرحان اکرم،ڈائریکٹر واٹر عثمان ضیا،فوکل پرسن انسداد ڈینگی مہم و ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان علی،سٹیزن لائزن سیل کی انچارج شاہدہ رحمان و دیگر افسران و سٹاف بھی موجود تھا۔

اس ریفرشر ٹریننگ کے دوران انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے سٹاف کو آگاہ کیا گیا۔ڈی ایم ڈی ایڈمن نے کہا کہ واسا کے دفاتر،ڈسپوزل اسٹیشن،او ایچ آرز میں مکمل صفائی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہناچاہیے،کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہواور انسداد ڈینگی مہم کے تحت تمام ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنا سب کی ذمہ داری ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہی ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے جس کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد نہایت ضروری ہے،واسا فیصل آباد کا سٹیزن لائزن سیل نے بھی شہریوں میں آگاہی مہم شروع کررکھی ہے تاکہ شہریوں بالخصوص طلبا و طالبات ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ ہو سکیں۔فوکل پرسن انسداد ڈینگی مہم نے تمام فیلڈ سٹاف کو اپنے موبائل کے ذریعے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا اندراج کرنے کے حوالے سے طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی تاکہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید وسیع کیا جا سکے۔