9مئی، عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی سازش کی گئی تھی، گورنرسندھ

ہمیں افواج پاکستان کو سلام پیش کرنا چاہیے، کہ جس نے سانحہ نومئی کو ایک گولی بھی نہیں چلائی اور صبر تحمل کا مظاہرہ کیا، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 9 مئی 2024 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانحہ 9مئی کے حوالے سے گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہی کے دن عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی سازش کی گئی تھی جسے عوام اور افواج پاکستان نے ناکام بنایا، نو مئی کو افواج پاکستان نے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا، عوام کو بھی یہ سازش سمجھ میں آگئی اور انہوں نے آج افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، ہمیں افواج پاکستان کو سلام پیش کرنا چاہیے، کہ جس نے سانحہ نو مئی کو ایک گولی بھی نہیں چلائی اور صبر تحمل کا مظاہرہ کیا،اب عوام کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں کہ وہ سانحہ 9مئی کے ذمہ داروں کا احتساب کرے، کیونکہ ایسے واقعات عوام اور افواج پاکستان کے لئے ناقابل ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ نفرتوں کا پیغام پھیلانے والوں کو اب قوم اور شہدا کے لواحقین سے معافی مانگ لینی چاہیے،لیکن کچھ لوگ معافی کے نام کو گالی بنا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبہ میں بہت سے مثالی کام کیے ہیں، جن میں چھ لاکھ گھروں کی تعمیر کا کام شامل ہے،مجموعی طور پر سندھ حکومت ورلڈ بنک کے تعاون سے 21 لاکھ گھر تعمیر کرے گی جس پر میں بلاول بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں آج کے دن بلاول بھٹو کو این آئی سی وی ڈی اور گمبٹ سمیت ہیلتھ سیکٹر میں مثالی کام کرنے پر بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کا کوئی ایسا ضلع نہیں ہے جہاں میں نہ گیا ہوں، سندھ حکومت امن و امان قابو کرنے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے، اور آنے والے دنوں میں جرائم میں نمایاں کمی نظر آئے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس گورنر ہاؤس کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ہے ، کیونکہ یہاں گورنر ہاؤس کے دروازے ہر خاص و عام کے لئے کھلے ہیں، جب کہ گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کسی اور نے کیا تھا جسے ہم نے پورا کیا، آج گورنر ہاؤس میں آئی ٹی یونیورسٹی کی مثال موجود ہے، میں سب سے کہتا ہوں کہ ہمیں مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج افواج پاکستان ہے تو ملک کی سلامتی ہے، پاک فوج قوم کی محسن ہے اس لئے اس کا احترام کرنا ہم سب پر فرض ہے۔