وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں اعلی سطحی اجلاس

ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب اہم قدم ہے،شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا،محمد اورنگزیب

جمعہ 10 مئی 2024 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔وفاقی وزیر خزانہ نے یہ بات جمعہ کو ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے عالمی کنسلٹنگ فرم میکنزی اینڈ کمپنی کیساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں وزارت خزانہ،ایف بی آر، کارانداز اور کنسلٹنگ فرم کے حکام نے شرکت کی۔ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے حکومت پاکستان کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکومت کی ایک اہم ترجیح ہے اوریہ شراکت داری ٹیکس وصولی کی بہتری کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جس سے پائیدار اقتصادی ترقی کوفروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ایف بی آر کے آپریشنز کو جدید بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال سے محصولات کی وصولی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شفافیت اور کارکردگی کے اہداف کو حاصل کرنے اور عوام کی بہتر خدمت کرنے کی جانب ایف بی آر کا ایک اہم قدم ہے۔

کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقاص الحسن نے کہا کہ یہ شراکت داری ایف بی آر کو اپنی ڈیجیٹل حکمت عملی کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد میں مددفراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کے لئے جس فرم سے معاہدہ کیا گیا ہے اس کا تجربہ پاکستان ڈیجیٹل سٹیک انی شیٹیو کے وسیع تر وژن کو عملی جامہ پہنانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے اس اہم منصوبے کے لئے مالی امداد فراہم کرنے پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کا بھی شکریہ اد اکیا۔