سعودی عرب کا فلسطینی ریاست کی یو این رکنیت کے حق میں قرارداد کا خیرمقدم

ہفتہ 11 مئی 2024 16:32

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) سعودی عرب نے جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطین کی مستقل رکنیت کے حق میں قرار داد کا خیر مقدم کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس قرارداد سے ثابت ہوتا ہے کہ عالمی رائے عامہ دو ریاستی حل کے تحت فلسطینی ریاست کی تشکیل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی تائید کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی، قرارداد کے حق میں 143ممالک نے ووٹ دیا، امریکا، اسرائیل، ارجنٹائن اور ہنگری سمیت نو ممالک نے مخالفت کی جبکہ 25 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔واضح رہے کہ ووٹنگ کے بعد فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت تو نہیں ملی تاہم فلسطین کو اقوام متحدہ کا مستقل رکن بننے کا اہل تسلیم کر لیا گیا ہے، اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور ہم آزادی چاہتے ہیں۔