تحقیقات میں صداقت حسین بے گناہ قرار، ایم کیو ایم پاکستان نے بنیادی رکنیت بحال کردی

من گھڑت کہانی کو بغیر تصدیق نشر کیا گیا جس سے صداقت حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی ساکھ کو نشانہ بنایا گیا،ترجمان ایم کیو ایم

اتوار 12 مئی 2024 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے سابق رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کی بنیادی رکنیت بحال کردی، رکنیت بحالی کا فیصلہ مرکزی کمیٹی کی ہدایت پر بننے والی تحقیقاتی کمیٹی کے تحت ہونے والی تمام تر تحقیقات، فریقین سے ملاقات اور واقعات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سامنے آنے والی فائنڈنگ کی بنیاد پر لیا گیا۔

تحقیقاتی کمیٹی میڈیا رپورٹس، سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز کا جائزہ لینے، اسکول انتظامیہ اور جائے وقوعہ پر موجود افراد سے انٹرویوز کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ میڈیا پر نشر ہونے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایک من گھڑت کہانی کو حقیقت بنا کر بنا تصدیق نشر کیا گیا جس سے نہ صرف سابق رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی بلکہ ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی ساکھ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

کچھ میڈیا چینلز کی جانب سے اس غیر ذمہ دارانہ صحافت پر ایم کیو ایم پاکستان قانونی کاروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں سامنے آیا کہ جس اسکول کو امتحانی سینٹر بتایا جارہا تھا وہ امتحانی سینٹر تھا ہی نہیں اور معاملہ نقل کروانے کے بجائے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ پر ہونے والے تنازع کا تھا جسے دونوں فریقین نے پولیس اسٹیشن میں باہمی رضامندی سے حل کرلیا گیا تھا۔

ترجمان ایم کیو ایم نے ذرائع ابلاغ کے اداروں سے درخواست بھی کی ہے کہ بغیر تحقیق غیر مصدقہ خبروں کی اشاعت و نشریات سے گریز کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی معزز شہری اور اس کے اہل خانہ کو معاشرے میں جھوٹی اور من گھڑت خبر کے نشر ہونے سے شرمندگی اور ہزیمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔