&جان لیوا مہنگائی کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکاہی: انجینئر احمد حماد رشید

اتوار 12 مئی 2024 21:00

:لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2024ء) صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد رشید نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ کے پسندیدہ لوگ ہیں۔ہمارا ملک اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے۔جان لیوا مہنگائی کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکاہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ایسے ہی مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے۔

خواتین کو باعزت روزگار کے حصول کے لئے سلائی مشینیں دی جاتی ہیں، بے روزگار افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے بلا سود قرض دیا جاتا ہے۔مستحق طلبہ کو وظائف دیئے جاتے ہیں،مفت کتابوں اور فیسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے،یتیموں کی کفالت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے،بہت سے ہسپتال اور ڈسپنسریوں میں مستحق مریضوں کا مفت علاج معالجہ جاری ہے یہ سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت اورمخیر حضرات کے تعاون سے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن کے بے شمار رضاکار اور مخیر حضرات ایسے ہیں جن کی اللہ پاک نے ڈیوٹی لگا رکھی ہے کہ اپنے غریب اور مستحق بہن بھائیوں کی مدد کریں اور وہ اس ڈیوٹی کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں مسحقین میں سلائی مشینیں اور وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کا اہتمام ماڈل ٹاؤن میں محمد اشتیاق نے کیا تھا جبکہ اس تقریب کے مہمان خصوصی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ،احسان اللہ وقاص، انجنیئر احمد حماد رشید، چوہدری محمد سلیم تھے۔

انجینئر احمد حماد رشید کا کہنا تھاکہ یہ سب اللہ کی رحمت اور مخیر حضرات کے ہم پر اعتماد اور ان کے تعاون کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ہم امیدرکھتے ہیں کہ مخیر حضرات تعاون جاری رکھیں گے۔اللہ کا ایک بدلے دس دنیا میں اورستر آخرت میں دینے کا وعدہ ہے۔اسی وجہ سے مشکل سے مشکل حالات میں بھی خوشحالی مخیر حضرات کے ساتھ رہتی ہے۔