شدید گرمی نے عوام کا جینامحال کردیاہے،حافظ احمدعلی

حکومتی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہری خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، راناصابر

اتوار 12 مئی 2024 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان رابطہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی، یوتھ ونگ سندھ کے صدر رانامحمد صابر ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں شدید گرمی میںبدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہر میں جاری شدید گرمی نے عوام کا جینامحال کردیاہے، ہیٹ اسٹروک کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع کے خدشات بڑھ گئے ہیں، صورتحال سے بچائو کے لئے حکومتی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ۔

انہوں نے کہاکہ ماہرین کی ہدایات کے مطابق ہیٹ اسٹروک کے درمیان شہری غیر ضروری طورپر باہر نکلنے سے گریز کریں ،پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ استعمال کریںاور اگر گھرسے باہر نکلناضروری ہوتو سرکوکسی رومال سے ڈھانپ کر باہر نکلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیاکہ تمام سرکاری اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میںہنگامی طورپر ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ شدید گرمی میں گھریلوخواتین کا گھروں میں رہنااجیرن ہوگیاہے، حبس اور گھٹن کے باعث حادثات کا بڑا خدشہ ہے لہٰذا Kالیکٹرک انتظامیہ سے اپیل ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے گریز کیاجائے تاکہ شہری خاص طورپر گھریلوخواتین اپنے گھروں میں چین اور سکون سے رہ سکیں۔