Live Updates

حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو نکات پیش کرے کور کمیٹی دیکھے گی، علی محمد خان

پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت ہے اس لیے معاملات کا حل نکلنا چاہیئے کیوں کہ پی ٹی آئی کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے۔ رکن قومی اسمبلی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 11:24

حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو نکات پیش کرے کور کمیٹی دیکھے گی، علی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو نکات پیش کرے کور کمیٹی دیکھے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایک بھی دن جیل میں کیوں گزرے، مذاکرات کیلئے دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے، پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت ہے اس لیے معاملات کا حل نکلنا چاہیئے کیوں کہ پی ٹی آئی کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر سنجیدگی سے غور کرے، 9 اپریل کے بعد سے معاملات سنبھل نہیں رہے جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا مسائل حل نہیں ہوں گے، اس حکومت کو ہم جائز حکومت نہیں مانتے، ہم انہیں فارم 47 کی حکومت سمجھتے ہیں لیکن مذاکرات ان ہی سے ہونے ہیں تاہم بات چیت کی منظوری تو عمران خان دیں گے۔

(جاری ہے)

علی محمد خان نے رانا ثنا اللہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دینے کے جواب میں کہا کہ رانا ثنا اللہ نکات سامنے لائیں، پی ٹی آئی کور کمیٹی غور کرے اور بانی پی ٹی آئی منظوری دیں تو معاملہ حل ہوسکتا ہے لیکن کیا حکومت مینڈیٹ کی واپسی پر راضی ہوگی؟ ہماری جانب سے تو بات چیت کی منظوری اڈیالہ سے آئے گی لیکن ان کی منظوری کہاں سے آئے گی؟ مینڈیٹ کی واپسی کا روڈ میپ ہونا چاہیے، کیا حکومت مینڈیٹ کی واپسی پر راضی ہے؟۔

ادھر وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ اگر ڈائیلاگ ہوا تو پھر عمران خان کی مرضی کے مطابق نہیں بلکہ غیرمشروط ہوگا، گریٹ ڈائیلاگ میں ادارے بھی شامل ہوں گے،عدالتی اسٹے کی وجہ سے9 مئی کے بے گناہ ملزمان بھی جیلوں میں ہیں، اس کا ٹرائل ہونا چاہیئے جو ملوث ان کوسزا دی جائے بے گناہ گھروں کو جائیں، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے اور بات کرنے کو تیار نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمان بھی اگر اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوجائیں اور اپوزیشن اتحاد حکومت کے ساتھ بیٹھ جائے تو معاملات حل ہونے پر ملک میں سیاسی معاشی استحکام آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اس کی بڑی خدمات ہیں، مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ن لیگ نے سیاست کرنی ہے اور سیاست کررہی ہے، اگر کسی کو نظر نہیں آرہی تو بالکل نظر آنی چاہئے،حکومتی معاملات پیچیدہ ہیں کہ اتنی محنت شہبازشریف نے پوری زندگی نہیں کی ہوگی جتنی اب کررہے ہیں، اس وجہ سے پارٹی کی سیاست میں کمی رہی ہے، میاں نوازشریف پارٹی صدارت سنبھالنے جارہے ہیں، اس سے ن لیگ کی سیاست میں تیزی آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات