شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں، اسحاق ڈار

پیر 13 مئی 2024 15:11

شنگھائی تعاون تنظیم  کے رکن ممالک خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتےہوئے تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اجتماعی ذمہ داری کے تحت آپس میں موثر تعاون کریں اور خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے بیجنگ میں ملاقات میں کہی۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور تنظیم کے بنیادی اصولوں پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی خطے میں اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اجتماعی ذمہ داری کے تحت آپس میں موثر تعاون کریں اور خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے چیئرمین کے طور پر پاکستان کے اقدامات اور کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر ژانگ نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر حکومت پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایس سی او سیکرٹریٹ کی جانب سے تنظیم کے سربراہان حکومت کی حیثیت سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔