بھارت ، امیت شاہ کی ریلی میں بی جے پی کے غنڈوں نے صحافی کو مسلمان سمجھ کرتشدد کا نشانہ بنایا

منگل 14 مئی 2024 12:10

بریلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) بھارتی ریاست اترپردیش میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی ایک انتخابی ریلی کے دوران بی جے پی کے غنڈوں نے ایک صحافی راگھو تریویدی کو صرف اس لئے شدید تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس نے داڑھی رکھی تھی اور شلوار کرتا پہن رکھا تھا جوبھات میں عام طور پر مسلمانوں کا لباس سمجھا جاتا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تریویدی آن لائن نیوز پورٹل'' مولیٹکیس ''کے لیے کام کر رہے ہیں اوریہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ رائے بریلی میں بی جے پی رہنما اور بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی انتخابی ریلی کی کوریج کر رہے تھے۔

ترویدی نے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں ، بتایا کہ بی جے پی کے غنڈوں نے مجھے صرف اس لیے مسلمان قراردیا کہ میں نے داڑھی رکھی ہے اورمیں کرتا پاجامہ پہنتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ ریلی کی رپورٹنگ کر رہے تھے جب کچھ خواتین شرکا ء نے انکشاف کیا کہ انہیں پیسے دیکر ریلی میں شرکت کے لئے لایاگیا۔تریویدی نے بتایاکہ بی جے پی کے ارکان نے مجھے اپنا کیمرہ بند کرنے کے لئے کہا اور مجھ پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر صحافیوں کی موجودگی کے باوجودکوئی ان کی مدد کے لئے نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ میرا کیمرہ مین موقع سے فرار ہو گیا۔کانگریس نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ امیت شاہ کی رائے بریلی میں ریلی تھی جہاں خواتین نے ایک صحافی کو بتایا کہ انہیں پیسے دے کر ریلی میں لایا گیا، صحافی نے یہ ریکارڈ کیا۔ اس کے بعد بی جے پی کے غنڈوں نے صحافی کو پکڑ کر ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کے لئے کہا۔ بی جے پی کے غنڈے صحافی کو اغوا کر کے سٹیج کے پیچھے لے گئے اوراس کے پیسے بھی چھین لیے۔اس واقعے سے بھارت میں صحافیوں کو درپیش مشکلات کی عکاسی ہوتی ہے۔