ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک کی سربراہی میں سائنسدانوں اور محققین کے وفد کا گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کا دورہ

منگل 14 مئی 2024 15:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) سابق نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک کی سربراہی میں بین الاقوامی شہرت یافتہ فوڈ اینڈ ایگریکلچرل سائنسدانوں اور محققین کے 9 رکنی وفد نے منگل کو گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کا دورہ کیا۔چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن اور سی ای او گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ شہزاد علی ملک نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہائبرڈ سیڈ کی نئی اقسام اور مجموعی تحقیقی پروفائل پر روشنی ڈالی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں جامع معلومات فراہم کیں۔

بعد ازاں وفد نے چاول کی پیداواری سہولیات اور رائس کوالٹی لیبارٹری کا دورہ کیا۔ وفد کے قائد نے تحقیقی کوششوں کو سراہتے ہوئے گارڈ رائس کے ساتھ صنعتی اکیڈمیا کے روابط کی فوری ضرورت پر زور دیا جس میں بیجوں کی نئی اقسام کی تحقیق و ترقی، انٹرن شپ پروگراموں اور ایف سی سی کالج یونیورسٹی کے اسکول آف لائف سائنسز کے باصلاحیت نوجوان گریجویٹس کے لیے روزگار کے مواقع میں تعاون شامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ کے تعاون سے بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور زیادہ پیداوار والے نئے بیجوں کی تیاری کے لیے یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ قبل ازیں شہزاد علی ملک نے وفد کو 1948 میں گارڈ فلٹرز سے شروع ہونے والے گارڈ گروپ کی تاریخ، جاپانی چاول کی تقسیم، رائس ٹرانسپلانٹر اور ہارویسٹر، گارڈ رائس ملز، گارڈ سیڈز، گارڈ ورلڈ ٹریکٹر، گارڈ پاستا اور سی پیک فیز ٹو کے تحت گارڈ چلی پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔