سابق جج انکم ٹیکس چوہدری شاہد اقبال ڈھلوں ایڈووکیٹ کی سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری سے ملاقات

منگل 14 مئی 2024 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری سے گوجرانوالہ سے سابق جج انکم ٹیکس چوہدری شاہد اقبال ڈھلوں ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔ پی پی پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سابق انکم ٹیکس جج شاہد اقبال ڈھلوں ایڈووکیٹ نے سنٹرل سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر سی ای سی تسنیم احمد قریشی، جنرل سیکرٹری گوجرانوالہ ارشاد اللہ سندھو، ٹکٹ ہولڈر پی پی 63 پروفیسر ڈاکٹر مہر فضل چوہدری، چوہدری عبدالجبار منج اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی عوام کو ان مسائل سے نکال سکتی ہے ، صدر مملکت آصف علی زرداری فہم و فراست اور دوراندیشی سے ملک کو مسائل اور بحرانوں سے نکالیں گے، ہر بحران سے نکلنے کا واحد راستہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا 10نکاتی عوامی فلاحی پروگرام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام الناس قومی عوامی خدمات سر انجام دینے کیلئے پیپلز پارٹی کے قائد بلاول بھٹو کو امید پاکستان سمجھتے ہیں،پیپلز پارٹی خاندان کا حصہ بننے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ، بھٹو ازم پیپلز پارٹی کا منشور منشور گھر گھر پہنچانے کیلئے سیاسی کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وطن دوستی جمہوری آئینی حقوق کی جدوجہد مثالی ہے ۔ شاہد اقبال ڈھلوں ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی غریب اور محروم عوام کی توانا آواز ہے، بھٹو شہید بے نظیر بھٹو شہید کی فکر و فلسفہ سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔