پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی آسٹریلوی ہائی کمشنرسے ملاقات میں گفتگو

منگل 14 مئی 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں دو طرفہ امور اور پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا خیر مقدم کیا اور آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ باہمی تعلقات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

نیل ہاکنز نے سینیٹر محمد اورنگزیب کو بطور وزیر خزانہ تعیناتی پر مبارکباد دی۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان آسٹریلوی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر اقتصادی تعاون اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو وزیراعظم کی قیادت میں حکومت کی طرف سے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹیکس نظام کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے میکنزی اینڈ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے حکومت کے مختلف اداروں کی نجکاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہائی کمشنر کو سعودی عرب اور قطر کی ممکنہ سرمایہ کاری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا۔

آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ کو زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں پیداوار میں اضافہ کیلئے پاکستان میں زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ آسٹریلوی حکومت کی رابطہ کاری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے آسٹریلوی حکومت کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کے تعاون کو سراہا۔