Live Updates

عدت نکاح کیس ، عمران خان ، بشری بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر وکیل رضوان عباسی کے جواب آنے تک سماعت ملتوی

بدھ 15 مئی 2024 14:44

عدت نکاح کیس ، عمران خان ، بشری بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر وکیل رضوان ..
اسلام ابٓاد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی عدت نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت وکیل رضوان عباسی کے جواب آنے تک ملتوی کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج شاہ رخ ارجمند نے سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی، بشری بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران عدت نکاح کیس کی سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلیوں پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کی، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید، اعظم خان سواتی اور پی ٹی آئی خواتین کمرہ عدالت موجود تھیں۔

(جاری ہے)

معاون وکیل راجا رضوان عباسی نے بتایا کہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ بیرون ملک جا رہے ہیں، جس پر سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ رضوان عباسی صاحب تقریبا دلائل دے چکے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے جواب الجواب دلائل کا آغاز کردیا، انہوں نے عدت کیس میں سپریم کورٹ کی ججمنٹ کا حوالہ دیا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے مقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے عورت کی پرائیویسی اور وقار کو دیکھ کر فیصلہ کیا، خاور مانیکا کی جانب سے جو بیان دیا گیا وہ ڈائریکٹ ثبوت نہیں ہے، سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کی جانب سے خاور مانیکا کا عدالت کو دیے گئے بیان کا ایک حصہ پڑھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ویڈیو انٹرویو میں خاور مانیکا کے مطابق بشری بی بی ایک پاک باز خاتون ہیں، خاور مانیکا نے ویڈیو میں بشری بی بی کو اپنی سابقہ اہلیہ کہا ہے، اپنے انٹر ویو میں خاور مانیکا نے عمران خان اور بشری بی بی کو کلیئر کیا تھا، خاور مانیکا نے اپنے انٹرویو کو عدالت کے سامنے قبول بھی کیا ہے کہ انہوں نے ایسا کہا ہے۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہاکہ خاور مانیکا کو گرفتار کیا جاتا ہے اور کیسز بنائے جاتے ہیں، خاور مانیکا کو 14 نومبر 2023 کو رہا کیا جاتا ہے اور 25 نومبرکو وہ شکایت درج کرتے ہیں، طلاق ہونے کے بعد خاور مانیکا نے بشری بی بی کو پاک باز عورت قرار دیا ہے۔

انہوں نے موقف اپنایا کہ 5 سال 11 ماہ بعد خاور مانیکا کو یاد آیا کہ انہوں نے رجوع کرنا تھا، خاور مانیکا نے ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی جھوٹ بولا اور اس عدالت پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے نکاح پڑھانے والے مفتی سعید کا بیان پڑھا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے بتایا کہ مفتی سعید پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا حصہ رہے، مفتی سعید نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان اور بشری بی بی کا زبانی نکاح کرایا مگر گواہوں کے نام یاد نہیں، میری استدعا ہے کہ مفتی سعید کا طلاق کے حوالے سے دیا گیا ایک ویڈیو بیان عدالت کے سامنے چلایا جائے۔

سلمان اکرم راجا نے موقف اپنایا کہ مفتی سعید نے بتایا کہ عون چوہدری کو جانتے تھے، مگر عدالت کے سامنے بتایا کہ گواہوں کے نام یاد نہیں ہیں، ون چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ میں نکاح کا گواہ تھا، مفتی سعید نے عدالت کے سامنے بتایا کہ مجھے گواہوں کا یاد ہی نہیں ہے۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کی جانب سے مفتی سعید کا بیان عدالت کے سامنے پڑھا گیا۔

سلمان اکرم راجا کی استدعا پرعدت میں نکاح کرنے کے حوالے سے مفتی سعید کا ویڈیو بیان عدالت کے سامنے چلایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ عورت کی اپنی عدت کے حوالے سے گواہی حتمی ہے، مفتی سعید ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنی کی ہوئی بات سے مکر گئے۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس ویڈیو بیان کو دکھانے کا مقصد مفتی سعید کے کردار کو سامنے لانا ہے، عدت کے حوالے سے سپریم کورٹ نے 39 دن کا فیصلہ دیا ہوا ہے، مفتی سعید کو مفتی کہتے ہوئے میری زبان ڈگمگا جاتی ہے۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عدت کے حوالے سے دیا گیا سپریم کورٹ کا فیصلہ خود سپریم کورٹ ہی تبدیل کرسکتی ہے، کچھ بھی سائنٹفک میٹیریل اگر پیش کیا گیا ہے وہ معنی نہیں رکھتا، اس حوالے سے یہ سپریم کورٹ جائیں۔انہوںنے کہاکہ اگر اجازت ہو تو میں مفتی کی جگہ صرف ان کا نام سعید ہی کہنا چاہوں گا، گواہوں کو نہ جاننے کا بیان اور یہ ویڈیو بیان مفتی سعید کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے کافی ہے، مسلم فیملی لا کے سیکشن 7 پر عدالت کو بتانا چاہوں گا۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کی جانب سے طلاق دینے کے حوالے سے مختلف ججمنٹس کا حوالہ دیا گیا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہا کہ فیملی لا کے سیکشن 7 کے سب سیکشن 3 کے مطابق طلاق کے بعد اگر مرد عدت کے دورانیے سے پہلے فوت ہوجاتا تو خاتون بیوہ کہلائیں گی،سلمان اکرم راجا نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر سیکشن 7 اپلائی نہیں کرتا اور نا ہی 90 دن دورانیہ اپلائی کرتا ہے، انہوں نے دلائل دیے کہ عدالت کے سامنے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا نکاح صرف اس بنیاد پر ہے کہ ان کا نکاح قانونی ہے یا غیر قانونی۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہا کہ قرآن کے مطابق عدت کا دورانیہ 90 دن نہیں ہے بلکہ حیض کے تین پیریڈز ہیں، صرف اس صورت میں عدت کا دورانیہ 90 ہے کہ خاتون عمر رسیدہ ہوں یا حیض کے ایام کا علم نہ ہو، بشری بی بی نے بتایا کہ اپریل 2017 میں طلاق ہوئی اور انہوں نے عدت کا دورانیہ مکمل کیا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خاور مانیکا کی 14 نومبر کو طلاق دینے کے بیان کے مطابق بھی سپریم کورٹ کے 39 دن کے فیصلے سے زیادہ دن بنتے ہیں۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے عدت کیس کے گواہ لطیف کا بیان پڑھا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے بتایا کہ لطیف کے مطابق اپریل 2017 میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو زنا کرتے دیکھا، لطیف کے مطابق انہوں نے خاور مانیکا کو بتا دیا تھا، حیرت ہے اس کے بعد بھی خاور مانیکا نومبر تک خاموش رہا۔انہوںنے کہاکہ خاور مانیکا کیسا انسان ہے کہ ان کو معلوم تھا سب اور اس کے بعد بھی کہتے ہیں کہ وہ رجوع کرنا چاہتے تھے، اس کیس میں کوئی بھی ایسا ثبوت موجود نہیں ہے جو ڈائرکٹ ثابت کرے کہ یہ گناہ گار ہیں۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہا کہ جو سزا دی گئی وہ اس صورت میں دی جاسکتی تھی کہ فراڈ شادی ہوتی اور ثبوت بھی موجود ہوتے، یکم جنوری 2018 کو نکاح ہوا اور عمران خان اور بشری بی بی دونوں اس نکاح کو جائز قرار دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے نکاح کے خلاف کوئی ثبوت موجود ہی نہیں ہے، ان کے پاس صرف یہی بات کہ انہوں نے فروری کا نکاح مانا ہے ، جو صرف ایک ایونٹ ہے۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ فراڈ کا مطلب کیا ہوتا ہے، فراڈ میں ایک انسان فراڈ کررہا ہو اور دوسرا جس کے ساتھ فراد ہو رہا ہو، بتایا جائے کہ اس معاملے میں کس کے ساتھ فراڈ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بتا رہے ہیں کہ مفتی سعید کے ساتھ فراڈ کیا ہے، مفتی سعید تو شکایت کنندہ نہیں ہیں۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہا کہ کچھ بھی ریکارڈ پر موجود نہیں کہ یہ فراڈ نکاح ہے، صرف الزامات ہی ہیں، سیکشن 496 ایک 1960 کا قانون ہے، یہ قانون صرف اس لیے بنا کہ غیر مسلم بچیوں کو یا ایسی بچیوں کے ساتھ نکاح کیا جاتا جن کو بعد میں کسی فراڈ میں استعمال کیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مفتی سعید کو دھوکا دیا گیا یہ بتایا جا رہا ہے، کیس کے دوران ایک وکیل غائب ہو جاتا ہے ، عدالت اس معاملے کو سیریس لے۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ڈنمارک جا کر وکیل صاحب کہیں کہ میں نہیں آسکتا، تو ہم کیا کریں گے ، آپ رضوان عباسی سے بات کریں ان سے کہیں ویڈیو لنک کے ذریعے آجائیں۔معاون وکیل رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ عباسی صاحب کی فیملی ڈنمارک میں رہتی ہے، انہوں نے کل عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ان کی پرسنل مصروفیت ہے، جس پر جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ آپ بات کریں رضوان عباسی سے اگلے ایک دو دن میں ویڈیو لنک کے ذریعے آجائیں، 28 مئی تک انتظار نہیں کیا جاسکتا۔

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ کل عدالت کے سامنے انہوں نے 4 دن کا کہا کہ وہ چار دن دستیاب نہیں ہوں گے۔عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہماری استدعا ہے کہ کیس معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ آج سنا دیا جائے،جج شاہ رخ ارجمند نے رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے معاون وکیل سے استفسار کیا کہ رضوان عباسی سے رابطہ کرکے بتائیں کہ ای کورٹ کے ذریعے دلائل دیں۔عدالت نے کیس کی سماعت رضوان عباسی کے جواب آنے تک ملتوی کردی۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات