Live Updates

ضلع ننکانہ صاحب میں کلینک آن ویلزپروگرام کا آغاز

شہریوں کوانکے گھرکی دہلیزپرطبی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے 04 کلینک آن ویلزگاڑیاں موصول

بدھ 15 مئی 2024 14:52

ضلع ننکانہ صاحب میں کلینک آن ویلزپروگرام کا آغاز
سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ننکانہ صاحب کے شہریوں کو انکے گھر کی دہلیز پر طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے ضلع ننکانہ صاحب کو 04 کلینک آن ویلز گاڑیاں موصول ہو گئیں ، وزیر اعلی پنجاب کے پروگرام صحت کی دستک آپ کی دہلیز پر ویژن کے تحت ضلع ننکانہ صاحب میں کلینک آن ویلز پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین کا کلینک آن ویلز کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا دورہ ، اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین نے پروگرام کے تحت شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور شہریوں سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کلینک آن ویلز پروگرام کے تحت 6 ٹیمیں ضلع میں شہریوں کو انکی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں ، کلینک آن ویلز میںڈاکٹر، ایل ایچ وی ، ڈسپنسر ، ویکسنیٹر اور لیڈی ہیلتھ سپروائزر شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کلینک آن ویلز کے اندر ٹیسٹ اور مفت ادویات کی سہولت موجود ہے۔ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ کلینک آن ویلز پروگرام میں شوگر ، بلڈ پریشر ، خون کی کمی کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ، کلینک آن ویلز میں بچوں میں غذائی قلت کا معائنہ اور حاملہ خواتین کو مفید مشورے بھی دیے جا رہے ہیں جبکہ چار کلینک آن ویلز میں ایک کلینک پر الٹرا ساونڈ کی سہولت بھی موجود ہے۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے پروگرام صحت کی دستک کے تحت سو فیصد ثمرات عام شہریوں تک پہنچائے جا رہے ہیں ، پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں اربن سٹی اور گردونواح کے دیہاتوں کو کور کیا جائے گا ، دوسرے مرحلے میں ضلع کے دوردراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوامی وزیر اعلی نے عوام کا حق انکی دہلیز پر پہنچا دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام الناس کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کلینک آن ویلز پر تعینات عملے کو ہدایت کی کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے ، کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہ ہو گی۔انہوں نے کہا کلینک آن ویلز پر آنے والے مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے محکمہ صحت کے ڈاکٹرز و عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی وزیر اعلی نے عوام الناس کے لیے تمام تر وسائل فراہم کر دیے ہیں اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات