ٰچولستان میں الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہونے کے بعد خوشحالی کا دور شروع ہوگا، سنیٹر چوہدری سعود مجید

بدھ 15 مئی 2024 22:25

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سابق سنیٹر چوہدری سعود مجید نے کہا کہ چولستان میں الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہونے کے بعد خوشحالی کا دور شروع ہوگا چولستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہم ماضی مین بھی ان کی آواز بنے تھے اور ان کے مسائل کے حل تک اپنی کوششیں جاری رکھے گے وہ چولستان کے علاقہ چیک نمبر 83 ڈی بی میں چولستانیوں میں الاٹمنٹ آڈر تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ نعیم اقبال سید ،مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ و دیگر چولستانی عمائدین موجود تھے ۔چوہدری سعود مجید نے کہا کہ 2014 ء میں میاں شہباز شریف نے جو بے زمین چولستانیوں کو اراضی دینے کا اعلان کیا تھا آج اس اعلان کی تکمیل کا دن ہے جس پر ہم وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور چولستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ نعیم اقبال سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے چولستان کی چار یونین کونسلز 75 ڈی بی ،میرانہ،ڈیراوڑ اور چنن پیر سے تعلق رکھنے والے چولستانیوں کو الاٹمنٹ آڈر دیئے ہیں اوراس الاٹمنٹ آڈر کے عمل کو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔چولستان میںالاٹمنٹ پنجاب حکومت کاچولستان کے بے زمین کاشتکاروں کے لئے تاریخ ساز اقدا م ہیںچولستان کے 27 ہزار کاشتکاروں کو 3 لاکھ 44 ہزار ایکڑ اراضی شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کی گئی، اس پورے عمل کو انتہائی شفاف بنایا گیا اورانتہائی سخت سکروٹنی ہوئی ہے، اراضی الاٹمنٹ سے چولستان کے ہزاروں خاندانوں کو روز گار میسر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں چولستانیوں کو پائپ لائینوں اور بائوزر کی مدد سے میٹھے پانی کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پریقینی بنایا جارہا ہے ۔رکن پنجاب اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان میں بے زمین چولستانیوں کو الاٹمنٹ کے اس حکومتی فیصلے سے چولستان میں معاشی سرگرمیوں کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ قابل کاشت رقبے مین اضافے سے غذائی اجناسکی مجموعی پیدوار میں اضافہ ہوگا جس سے خطہ میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔