وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حکومت کو آج رات تک لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈلائن دےدی

کل سے لوڈشیڈنگ ٹھیک نہ ہوئی تو پیسکو چیف آفس میں جاکر انتظام سنبھالوں گا،پیسکو چیف نے صوبے میں رہنا ہے تو میرے شیڈول پر چلے، اگر حق نہ دیا تو پھر آپ دیکھیں گےکہ میں حق کیسے لیتا ہوں،وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 15 مئی 2024 21:45

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حکومت کو آج رات تک لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کرنے ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کو آج رات تک لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ کل سے لوڈشیڈنگ ٹھیک نہ ہوئی تو پیسکو چیف آفس میں جاکر انتظام سنبھالوں گا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں وفاقی حکومت اور وزیرتوانائی کو پیغام دے رہا ہوں کہ جو خیبرپختونخواہ میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ شروع کی ہوئی ہے، اس غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کی جائے، آئیں بیٹھیں اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا حل نکالیں، لیکن آپ شرافت کی زبان کو کمزوری سمجھتے ہیں، لوڈشیڈنگ کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو آج رات تک کی ڈیڈلائن دے رہا ہوں، آج رات تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول تبدیل ہونا چاہئے، کل سے لوڈشیڈنگ ٹھیک نہ ہوئی تو پیسکو چیف کے آفس میں جاکر انتظام سنبھالوں گا، یہ وارننگ نہیں میری ٹائم لائن ہے پھر خود بیٹھ کر شیڈول بناؤں گا۔

(جاری ہے)

پیسکو چیف نے صوبے میں رہنا ہے تو پھر میرے شیڈول پر چلے، میرا صوبہ سستی بجلی بنا کر دے رہا ہے اور مہنگی خرید رہا ہے، میرے پیسوں سے کٹوتی کرلو اور مجھے بجلی دو۔ اگر حق نہ دیا تو پھر آپ دیکھیں گے کہ میں حق کیسے لیتا ہوں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے گورنر فیصل کریم کنڈی پر خیبرپختونخواہ ہاﺅس اسلام آ باد آنے پر پابندی عائد کر دی، علی امین گنڈاپور نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے خیبرپختونخواہ ہاﺅس انیکسی خالی کروا دی، بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تین روز سے خیبرپختونخواہ ہاﺅس اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں اور صوبے کے تمام تر معاملات کے پی ہاﺅس اسلام آباد سے چلا رہے ہیں۔

دریں اثناء پشاور ہائی کورٹ نے وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔ سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شکیل احمد نے کی۔