وزیراعظم شہباز شریف کی مظفر آباد آمد، چوہدری انوارالحق کا پرتپاک استقبال

جمعرات 16 مئی 2024 19:35

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر جب مظفرآباد پہنچے تو وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر اعلی حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے درمیان ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور آزادکشمیر میں ترقیاتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم۔چوہدری انوارالحق نے مظفرآباد آمد پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اہل پاکستان اور اہل کشمیر کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان ہماری اساس ہے اور یہی وہ بنیادی نظریہ ہے جس کے لئے کشمیریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے 23 ارب روپے کا تاریخ ساز ریلیف پیکج دینے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔