پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اپنی شاندار پرفارمنسز سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیاہے، صوبائی وزیر کھیل

جمعرات 16 مئی 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) سندھ کے صوبائی وزیر برائے کھیل وامورنوجوان سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا شمار دنیا کی صف اول کی ٹیموں میں ہوتا ہے،اب تک تمام ورلڈ کپ کے فائنلزکھیلنے کا منفرد اعزاز اپنے نام کرنے والے ہمارے قومی بلائنڈ کرکٹرز نے ملک کا نام روشن کیا ہے، دنیا بھرمیں پاکستان کا وقارکو بلند کرنے والے بلائنڈ کرکٹرز اور آرگنائزرز ہمارے ہیرو ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی) کے چیئرمین سید سلطان شاہ سے جمعرات کو اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ صوبائی سیکرٹری کھیل جلال الدین مہر، چیف انجینئر اسلم مہر ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے میڈیا ایڈوائزر آصف عظیم سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کاانعقاد خوش آئند ہے اور حکومت سندھ کراچی میں اس میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے تیار ہے ، ورلڈ کپ کے کراچی میں انعقاد کیلئے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔

سردار محمد بخش خان مہر نے چیئرمین پی بی سی سی سلطان شاہ کو اس ضمن میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم اس اہم موقع کو جانے نہیں دیں گے اور اگلے ہفتے آپ سے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے نہ صرف ملک میں انٹرنیشنل سپورٹس کی بحالی کی راہیں مزید ہموار ہوں گی بلکہ ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں اپنے ہوم گرائونڈز اورتماشائیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی میسر آئے گا۔

ملاقات میں چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ نے صوبائی وزیر کھیل کو بتایا کہ چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز 22نومبر تا 3دسمبر 2024ء تک کھیلے جائیں گے جس کیلئے بھارت سمیت سات ممالک نے اپنی شرکت کی تصدیق کردی ہے۔