اپنا پیسہ باہر ہے، دنیا کو کس منہ سے یہاں انویسٹ کرنے کا کہہ سکتے ہیں‘یاسمین راشد

کیا آپ بانی پی ٹی آئی کی طرح اپنے 12ارب ڈالر کی رسیدیں دے سکتے ہیں رہنما تحریک انصاف

جمعہ 17 مئی 2024 17:45

اپنا پیسہ باہر ہے، دنیا کو کس منہ سے یہاں انویسٹ کرنے کا کہہ سکتے ہیں‘یاسمین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے دبئی لیکس پر جیل میں خط کے ذریعے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ حکمران خاندان کے پاس عوام کو دینے کو کبھی پانامہ لیکس ہیں تو کبھی دبئی لیکس، یہ لوگ لیڈر اس ملک کے بنتے ہیں، حکمرانی اس ملک پر کرتے ہیں۔

یہ لوگ عہدے اس ملک میں انجوئے کرتے ہیں، پیسہ ملک سے باہر انویسٹ کرتے ہیں، آپ اس ملک کے ہمدرد ہیں تو آپ کی جائیدادیں ملک سے باہر کیوں ہیں ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خط میں سیاستدانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا پیسہ باہر ہے، دنیا کو کس منہ سے یہاں انویسٹ کرنے کا کہہ سکتے ہیں، حکمران خاندان 1ارب ڈالر کے لیے کشکول لیے پھرتے ہیں، اپنا 12 ارب ڈالر دبئی میں انویسٹ ہے۔

(جاری ہے)

یاسمین راشد نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ یہ پیسہ کب، کیسے، اور کیوں اس ملک سے باہر گیا ،سوال یہ ہے سرکاری ملازمین کے پاس دبئی میں جائیدادوں کے لیے پیسہ کہاں سے آیا ۔ انہوں نے اپنے خط میں سابق وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تو اپنا سب کچھ ملک میں لے کر آئے کچھ باہر نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے تو اپنے گھر کی رسیدیں بھی عدالت میں دی تھیں کیا آپ بانی پی ٹی آئی کی طرح اپنے 12 ارب ڈالر کی رسیدیں دے سکتے ہیں ۔