حکومت شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے، مختار امد بھرت

مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے راستے پر گامزن ہے، کوآر ڈینیٹر وزیراعظم

جمعہ 17 مئی 2024 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ریگولیشنز اینڈ کو آرڈی نیشنز ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے کہا ہے حکومت شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے، مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے راستے پر گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور ممبر قومی اسمبلی سردار محمد یوسف کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔

عشائیہ میں سینیٹر ناصر بٹ، پروفیسر سجاد قمر، ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد رشید، سابق کمشنر اوورسیز حافظ احسان کھوکھر، سید حامد شاہ، محمد علی سیکھڑی, عبدالملک عابد، سینئر صحافی مظفر بھٹی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرت نے کہا کہ نوازشریف حکومت نے ترقی کا جو سفر شروع کیا تھا اگر اس کو روکا نہ جاتا تو بہت سارے ملکی مسائل حل ہو چکے ہوتے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پوری تندہی سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ صحت کی معیاری سہولیات اور دیکھ بھال تک رسائی ممکن بنانے کے لیے اہم اور جدیدخطوط پر کام ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام عوام کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے اور انشااللہ ہم مرحلہ وار تمام چیلنجز پر قابو پالیں گے۔ ممبر قومی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرت کو منصب سنھبالنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ نوجوان قیادت کے آگے آنے سے کام میں بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر مختار احمد بھرت اپنے شعبہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ اور ان کی قیادت میں وزارت قومی صحت زیادہ بہتر انداز میں کام کرے گی اور قیادت کے ویڑن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز ہر ہر سہولت ملے گی۔ سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ ڈاکٹر مختار بھرت قیادت کا بہترین انتخاب ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف پاکستان کی ترقی اور کامیابی کا استعارہ ہیں۔ ان کی قیادت اور رہنمائی میں ملک کو اندھیروں سے نکال رہے ہیں۔ ترقی کا جو سفر رکا تھا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے وہ سفر دوبارہ شروع کیا ہے اور انشاء اللہ مرحلہ وار ملک مسائل کے گرداب سے نکل آئے گا۔