پی ایس ایل 11 میں مزید 2 ٹیمیں شامل کرنے کا منصوبہ

لاہور میں پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے اجلاس میں پی ایس ایل 2025ء کی ونڈوسے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مئی 2024 17:56

پی ایس ایل 11 میں مزید 2 ٹیمیں شامل کرنے کا منصوبہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 2026ء میں مزید 2 ٹیمیں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لاہور میں پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کا اجلاس ہوا جس دوران پی ایس ایل 2025ء کی ونڈو سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اجلاس میں ہرفرنچائزکے ایک ایک کھلاڑی کو براہ راست سائن کرنے کے آپشن پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پی سی بی پشاور اورکوئٹہ کو پی ایس ایل کے ممکنہ وینیوز کے طور پرغور کرے گا، ان دونوں شہروں کا ماحول سازگاراور معاون ہونے سے مشروط ہوگا۔ اس موقع پر پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 2026ء میں مزید 2 ٹیمیں شامل کرنے کا منصوبہ ہے، پی ایس ایل 2025ء اور آئی پی ایل کے اپریل، مئی کی ایک ساتھ ونڈوز میں کھلاڑیوں اور شائقین کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے فائنل سمیت پلے آف میچز انگلینڈ میں کرانے پر مشروط اتفاق ہوگیا ہے تاہم پی ایس ایل فرنچائزز نے بیرون ملک میچز کرانے میں نقصان ہونے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ازالہ کی یقین دہانی مانگی ہے جبکہ اس موقع پر نامور کرکٹرز کو لیگ کا حصہ بنانے کیلئے انہیں سائن کرنے اور ڈرافٹننگ کے عمل کا حصہ بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔