کراچی،لائنز ایریا کے مکینوں کا بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج

جمعہ 17 مئی 2024 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں بجلی کی طویل بندش اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا تاہم کے الیکٹرک نے علاقے میں طویل لوڈشیڈنگ کی تردید کی ہے۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف لائنز ایریا کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور لکی اسٹار سے ایف ٹی سی جانے والی سڑک بند کردی۔

لائنز ایریا کے مظاہرین نے بجلی کی طویل بندش و لوڈشیڈنگ کے خلاف دہائی دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں 15 مئی شام 6بجے سے تاحال بجلی بند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی جبکہ بچوں کو میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تیاری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک نے شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 10 گھنٹے ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ دیے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے اور اس کا انحصار علاقے میں بجلی کی چوری اور نقصانات پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ لائنز ایریا میں عدم ادائیگیوں کے باعث بجلی منقطع کی گئی ہے کیونکہ نادہندگان پر واجب الادا رقم ایک ارب 60 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔