اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے لیے امداد کا ٹرک جلا دیا

کافی دیر بعد اسرئیلی فوجی پہنچے تو یہودی آباد کار ٹرک ڈرائیور کو زدو کوب کر رہے تھے

ہفتہ 18 مئی 2024 15:37

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) اسرائیل کی طرف سے ناجائز یہودی بستیوں کی تعمیر کے بعد ان میں بسائے گئے آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اپنی پر تشدد کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ تازہ کارروائی کا نشانہ غزہ کے جنگ اور قحط زدہ فلسطینیوں کے لیے خوراک اور امدادی سامان لانے والا ٹرک اور اس کا ڈرائیور بنا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق خوراک اور امدادی سامان لانے والے ٹرک کو یہودی آباد کاروں نے نشانہ بنایا اور ٹرک کو جلا دیا گیا۔ اس دوران ٹرک کا ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔یہودی آباد کار جنہیں اسرائیلی پولیس اور فوج نے اپنے زیر سایہ فلسطینیوں پر حملوں کی تربیت دی اور اس کے لیے سالہا سال میں انہیں تیار کیا ۔

(جاری ہے)

ان یہودی آباد کاروں نے جب فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ٹرک کو روک کر آگ لگادی ۔

یہودی آباد کار اطیمنان سے ٹرک کو آگ لگا چکے تو اسرائیلی فوجیوں کی ایک ٹکڑی انہیں روکنے کے لیے کافی دیر بعد پہنچی تو یہودی آباد کار ٹرک ڈرائیور کو زدو کوب کر رہے تھے۔اسرائیلی فوجی اس ڈرائیور کو چھڑانے کے لیے آگے بڑھے تو یہودی آباد کاروں کے تشدد کی زد میں آنے سے چار اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہو گئے۔تاہم ان فوجیوں پر یہودی آباد کاروں کے حملے کے باوجود اسرائیلی فوجیوں کو ان سے کوئی خوف محسوس ہوا اور نہ ہی اس طرح بد امنی اور دنگا کرنے پر ان آباد کاروں پر فوجیوں نے ہاتھ اٹھایا اور نہ گولی چلائی۔