نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر جمہوریہ کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن ضیغم کی کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز سے ملاقات

ہفتہ 18 مئی 2024 18:35

نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ  اسحاق ڈار کی ہدایت پر جمہوریہ کرغزستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر جمہوریہ کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے بشکیک میں تشدد کے واقعات کے سلسلے میں کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز سے ملاقات کی اور پاکستانی شہریوں بالخصوص متاثرہ پاکستانی طلبا کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ کے خدشات سے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے کرغز حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستانی شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیں،کرغز نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ کرغز حکام نے صورتحال پر قابو پالیا ہے جو اب معمول پر آ گئی ہے۔کرغز نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ کرغز پولیس تمام ہاسٹلز کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے ،اس معاملے کی براہ راست نگرانی کرغزستان کے صدر کر رہے ہیں۔نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز نے پاکستانی سفیر کو یقین دلایا کہ کرغزستان کی حکومت کل کے حملے کے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی، کچھ پاکستانیوں سمیت چودہ غیر ملکی شہریوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، ایک پاکستانی شہری زیر علاج ہے۔