عدلیہ واداروں میں ٹکرائو ملکی مفاد میں نہیں ہے،محمد حسین محنتی

ہر ادارے کو اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے،امیر جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 18 مئی 2024 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عدلیہ واداروں میں ٹکرائو ملکی مفاد میں نہیں ہے ماضی میں سہولتکارنہ بنتے تو آج کسی کوبھی آئین سے کھیلنے اورعدلیہ میں مداخلت کی جرائت نہ ہوتی،ہر ادارے کو اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے، ملک میں بدامنی اور سندھ میں ڈاکو راج ہے، پنوعاقل واقعہ مرادعلی شاہ حکومت کی ناکامی اورسندھ میں بدامنی کی سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

سیاسی ومعاشی حالات کی بہتری کیلئے آئین وقانون کی عملداری اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات ناگزیر ہے، جماعت اسلامی ظلم کیخلاف اور ہر مظلوم کی آواز بنے گی، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ہدایات کے تحت کسانوں سمیت ہر مظلوم کی دادرسی کے لیے کیلئے سندھ میںہمارے دفاتر حاضر ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں سندھ کے ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

جس میں کراچی تا کشمور سندھ بھر سے ضلعی امراء شریک تھے۔ اجلاس میں سہ ماہی کارکردگی رپورٹ سمیت دیگر دعوتی وتنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ صوبائی رہنماء عبدالحفیظ بجارانی سمیت دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور رواں سال کے چندماہ کے دوران 70افرادکادوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل حکومت کی نااہلی اور امن امان کے بلند بانگ دعووں کی نفی ہے۔

بالائی سندھ کے اضلاع میں بے امنی ولاقانونیت خاص طور پر اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ،پنوعاقل میں ڈاکووں کا گھر پر حملہ کرکے لوٹ مار،اہل خانہ کو یرغمال اور معصوم بچے محمدحسین آرائیں کے اغوا کا واقعہ سندھ میں امن امان کی سنگین صورتحال کی عکاسی کرتا ہے پانچ ماہ کے دوران بچوں سمیت 150شہری اغوا ہوئے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت قیام امن ،شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور جرائم کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدمات کرے، پنوعاقل سے اغوا شدہ بچے محمد حسین آرائیں، فضیلہ سرکی اور پریاکماری سمیت درجنوں اغوا شدہ افراد کو بازیاب کرایا جائے ۔

انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو عام کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ مہنگائی سمیت ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کا واحد حل فارم 47کی مسلط قیادت نہیں بلکہ حل صرف جماعت اسلامی ہے۔