ایران نے امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کی تصدیق کر دی

اتوار 19 مئی 2024 17:25

ٰتہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) امریکا اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات نا ہونے کے باوجود ایران نے عمان میں امریکا کے ساتھ بالواسطہ بات چیت کی تصدیق کردی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اور تہران طویل عرصے سے ایران کے متنازع جوہری پروگرام اور اپنے اپنے اتحادیوں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری غزہ تنازع کی وجہ سے شدید اختلافات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزائس نے رپورٹ کیا کہ امریکی اور ایرانی حکام نے علاقائی حملوں میں اضافے سے بچنے کے لیے عمان میں بالواسطہ گفتگو کی ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے عمان میں ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی تصدیق کردی۔خبر ایجنسی نے مذاکرات کا وقت اور جگہ بتائے بغیر حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کے مذاکرات پہلی دفعہ نہیں ہوئے اور نا ہی یہ آخری ہوں گے۔