سیکورٹی فورسز کا لکی مروت میں آپریشن،11دہشت گرد ہلاک

آپریشن کے دورا ن دہشتگردوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا،ہلاک دہشتگردسیکورٹی فورسز اورشہریوں پر حملے میں ملوث تھے،آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 11 جون 2024 16:29

سیکورٹی فورسز کا لکی مروت میں آپریشن،11دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جون 2024 ) لکی مروت میں کیپٹن محمد سرفراز کی شہادت کے بعد سیکورٹی فورسز کا آپریشن،11دہشتگرد ہلاک ،آپریشن کے دورا ن دہشتگردوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا،ہلاک دہشتگردسیکورٹی فورسز اورشہریوں پر حملے میں ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبرپختونخواہ کے علاقے لکی مروت میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے اور کارروائی کے دوران 11دہشتگردوں کو مار دیاگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیاگیاہے۔یاد رہے کہ دو روزقبل خیبرپختونخوا ہ کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھاکہہ لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناو¿نے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

چند روزقبل بھی سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا ہ میں دو مختلف کارروائیوں میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا ہ میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز کئے تھے۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا جہاں ایک دہشت گرد مارا گیاتھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ڈیرہ اسماعیل میں کیا گیا جہاں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیاتھا۔آئی ایس پی آر نے بتایا تھاکہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیاتھا۔