ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں، وزیراعظم

شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر حادثے پر ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے لیے دعائیہ پیغام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 21:23

ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے پر ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے لیے دعائیہ پیغام جاری کردیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب سے ایران سے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے افسوسناک خبر سنی ہے، اس وقت سے اچھی خبر کا بڑی بے چینی سے انتظار ہے کہ سب ٹھیک ہے، اس موقع پر ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں صدر ابراہیم رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای قومی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی صارت کر رہے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی زندہ نہ پائے گئے تو نائب صدر محمد مخبر ان کی جگہ لیں گے اور آئندہ 50 روز میں ملک میں نئے انتخابات کرانا ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایرانی حکام کا رائٹرز سے گفتگو میں کہنا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ امیر عبداللہ اور دیگر اعلیٰ حکام کی زندگیاں خطرے میں ہیں، ابھی تک پرامید ہیں لیکن حادثہ کی جگہ سے آنے والی اطلاعات تشویشناک ہیں، ڈرون یونٹس بھی امدادی کارکنوں کی مدد کر رہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے قافلے میں شامل ایک ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا ہے، ، صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے ساتھ ایرانی سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے کہ اس دوران ورزقان کے علاقے میں ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔ ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ابراہیم ریئسی کے قافلے میں شامل ایک ہیلی کاپٹر نے مشکل حالات میں لینڈنگ کی ہے، ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر سے ہمارا رابطہ قائم نہیں ہو پا رہا ہے، مشکل موسمی حالات کے باعث امدادی ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ہم فی الحال اس حوالے سے مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔