بشکیک سے پاکستانی طلبہ کی علی الصبح اسلام آباد ایئر پورٹ پر آمد،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے استقبال کیا

پیر 20 مئی 2024 15:00

بشکیک سے پاکستانی طلبہ کی علی الصبح اسلام آباد ایئر پورٹ پر آمد،وفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے خصوصی طیارے سے علی الصبح پہنچنے والے متاثرہ طلبہ کا استقبال کیا۔وزار ت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں آپ سب کو اپنی طرف سے ،حکومت اور پوری قوم کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس واقعے کے فوری بعد پاکستانی طلبہ کے تحفظ کے لئے تیزی سے اقدامات کئے، وزیراعظم خود صورتحال کی نگرانی کر رہے تھے۔انجینئرامیرمقام نے طلبہ کے تاثرات جانے، ان کی خیریت دریافت کی اور وطن واپسی پر ان کو خوش آمدید کہا۔ا نہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جو بھی آنا چاہے حکومت پاکستان اس کو ہرقسم کا تعاون فراہم کرے گی،مزید پروازوں کے ذریعے طلبہ کو وطن واپس لائیں گے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستانیوں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے،ہماری اولین ترجیح پاکستانی طلبہ کی حفاظت ہے۔وفاقی وزیر نے طلبہ سے بشکیک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے بارے معلومات بھی لیں۔