بھارتی فوجیوں میں خودکشیوں کے رحجان میں سنگین حد تک اضافہ

پیر 20 مئی 2024 22:10

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے نالاں بھارتی فوجی شدید ذہنی تنائو اور ڈپریشن کا شکار ہو کر اپنی جانیں لے رہے ہیں ۔فوج میں خودکشیوں کی شرح میں سنگین حد تک اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارتی فوجیوں میں خودکشیوں کے رحجان تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔

ہفتہ کے روز مقبوضہ وادی کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے میجر مبارک سنگھ پڈا نے مایوسی میں خودکشی کر لی ہے۔بھارتی میجر نے جموں کشمیر کے علاقے اکھنور میں اپنے کمرے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجی کی خودکشی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ۔ اس سے قبل بھی 16نومبر کو ضلع ادھمپور میں 38سالہ نائیک ہریش سنگھ نے گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

جنوری 2007سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی تعدادبڑھ کر 601ہو چکی ہے۔الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کے بدولت بھارتی فورسز میں ذہنی تنائو اور ڈپریشن سنگین حد تک بڑھ چکا ہے جو بعد میں خودکشی کا سبب بننے لگا ہے۔اس وقت مقبوضہ کشمیر میں موجود بھارتی فورسز کے نصف سے زائد اہلکار شدید ذہنی تنائو کا شکار ہیں۔خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق دوسرے ممالک کے خلاف پروپیگنڈاکرنے اور طاقت کے نشے میں چور مودی سرکارکو اپنے فوجی اہلکاروں کودرپیش مشکلات کی کوئی فکر نہیں ہے ۔