ہتک عزت کالے قانون کیخلاف قومی اورپنجاب اسمبلی میں مزاحمت کرینگے،عمر ایوب

زبانوں کو تالا لگانے کیلئے ہتک عزت کا کالا قانون بنایا گیا ہے،ڈریکونین قانون پاس کئے جانے کی مذمت کرتے ہیں،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 22 مئی 2024 11:37

ہتک عزت کالے قانون کیخلاف قومی اورپنجاب اسمبلی میں مزاحمت کرینگے،عمر ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2024 ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ہتک عزت کالے قانون کیخلاف قومی اورپنجاب اسمبلی میں مزاحمت کرینگے،آئین کے مطابق کسی کی زبان بندی نہیں کی جا سکتی، زبانوں کو تالا لگانے کیلئے ہتک عزت کا کالا قانون بنایا گیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بل پر اتفاق رائے کئے بغیر اپنی مرضی کرتے ہوئے عجلت میں اسمبلی سے پاس کرواکربہت بڑی غلطی کی ہے ۔

حکومت نے اپوزیشن کی تجویز کردہ تمام ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے بل پاس کیا۔ہتک عزت بل آزادی اظہار اور آزادی صحافت کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بل کو اختلاف رائے اور تنقید کو دبانے کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔کالا قانون آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماءشبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈریکونین قانون پاس کئے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔

ہمارے خلاف تمام کیسز سیاسی نوعیت کے ہیں ۔ پرامن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔حکومت کا ہتک عزت کا قانون لانے سے صاف پتہ لگ گیا ہے کہ ان کے عزائم کچھ اور ہی ہیں۔پنجاب حکومت کے اس اقدام کیخلاف احتجاج کرینگے ۔ ہتک عزت بل کیخلاف انسان حقوق کی تنظیموں سے مل کر جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔پی ٹی آئی ایسی کسی قانون کو تسلیم نہیں کریگی جس سے آزادی رائے پر شب خون مارنے کی کوشش کی جائے ۔پنجاب حکومت کے آمرانہ اقدام کی ہر پلیٹ فارم پر مذمت کرینگے۔اسمبلیوں میں جب حکومت سے سوال کیا جاتا ہے تو وزراءموجود ہی نہیں ہوتے ۔فارم 47کے تحت قائم ہونے والی حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔