پاکستان فٹ بال لیگ کا آغاز 4 جون کو لاہور میں ہوگا

لیگ کے انعقاد سے پاکستان میں لاکھوں پائونڈ کی سرمایہ کاری متوقع پاکستان میں کھیلوں کی صنعت میں ایک بلین پائونڈ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے،فرحان احمد جونیجو

بدھ 22 مئی 2024 16:15

پاکستان فٹ بال لیگ کا آغاز 4 جون کو لاہور میں ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) پاکستان فٹ بال لیگ کا آغاز 4 جون کو لاہور میں ہوگا۔فٹ بال لیگ میں 25 سے زائد غیر ملکی وفود بھی شرکت کریں گے اور انگلش لیجنڈ مائیکل اوونز مہمان خصوصی ہوں گے۔افتتاحی تقریب کا اہتمام پی ایف ایل یوکے ہولڈنگ کرے گی، لیگ کے انعقاد سے پاکستان میں لاکھوں پائونڈ کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

پی ایف ایل یوکے ہولڈنگ کو برطانیہ اور امارات کے سرمایہ کاروں نے قائم کیا ہے جبکہ فرحان احمد جونیجو چیئرمین اور احمد کنور صدر اور سی ای او ہیں۔فرحان احمد جونیجو نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے مقبول ترین کھیل کے فروغ کے لیے کام کریں گے، پاکستان میں کھیلوں کی صنعت میں ایک بلین پائونڈ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے، خلیجی ممالک بھی کھیل کے میدان میں سرمایہ لگانے کے لیے دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فٹ بال اسٹیڈیمز اور ٹریننگ سینٹرز کے قیام سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے میں آسانی ہوگی، پاکستان کو دنیا کے فٹ بال کے نقشے پر لانا ہدف ہے، انٹرنیشل کوچز کے ذریعے پاکستان میں کھلاڑیوں کی تربیت کا انتظام کریں گے، پاکستان کے 100 کھلاڑی لزبن میں عالمی معیار کی ٹریننگ اکیڈمی میں تربیت حاصل کریں گے۔فرحان احمد نے کہا کہ فٹ بال کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا، ملک کے پسماندہ ترین علاقوں میں بھی جاکر باصلاحیت بچوں کو تلاش کریں گے۔